نئی دہلی28جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گجرات کے تازہ واقعات کو لے کر جمعہ کو راجیہ سبھا میں بھاری ہنگامہ ہوا۔کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے نعرے بازی کی اور کارروائی نہیں چلنے دی۔چار بارملتوی کے بعدآخرکارڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے راجیہ سبھا کے اجلاس دن بھرکے لیے ملتوی کر دی۔
گجرات کے سیاسی واقعات کو لے کر راجیہ سبھا میں آج کانگریس ارکان نے بھاری ہنگامہ کیا اور بار بار آسن کے سامنے آکر نعرے بازی کی جس سے ایوان کی کارروائی مسلسل متاثر ہوئی۔ہنگامے کی وجہ سے ایوان میں وقفہ صفر اور وقفہ سوالات دونوں نہیں ہو پائے۔ جمعہ ہونے کی وجہ سے ایوان میں آج غیر سرکاری کام کاج ہوناتھا۔لیکن وہ بھی ہنگامے کی نذرہو گیا۔
کانگریس کا الزام تھا کہ گجرات میں پولیس نے ایوان بالا کے انتخابات کو متاثر کرنے کی خاطر پارٹی کے ایک ممبراسمبلی کواغواکر لیاہے۔کانگریس ارکان نے بی جے پی پر راجیہ سبھا کا الیکشن جیتنے کے لیے کانگریس کے ممبران اسمبلی کوچرانے کاالزام لگایا۔کانگریس ارکان نے باربارایوان کے صدر کے سامنے آکرحکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔صبح اجلاس شروع ہونے پر حزب اختلاف کے رہنما اور سینئر کانگریس رکن غلام نبی آزاد اور ان کی پارٹی کے ساتھی آنندشرما نے یہ مسئلہ اٹھایا۔آزادنے الزام لگایا کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں لیکن گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات کے پیش نظر پولیس نے ان کے ایک ممبر اسمبلی کواغواکیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مبینہ اغوا جس پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کیا ہے، وہ پہلے فرضی انکاؤنٹر کے الزام میں جیل بھی جا چکے ہیں۔آزادنے کہا کہ وہ کانگریس کے ان تین ممبران اسمبلی کے استعفیٰ کامسئلہ نہیں اٹھا رہے ہیں جنہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیاہے۔انہوں نے کہاکہ استعفیٰ دینے والے ان تین ممبران اسمبلی میں سے ایک کو تو فوری راجیہ سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کا امیدوار بنا دیا گیا۔آزاد نے کہا کہ گجرات کے ممبر اسمبلی پونابھائی گامت پارٹی کی ایک میٹنگ میں شامل ہونے کے بعد ایک اور رکن اسمبلی کے گھر جا رہے تھے۔اسی دوران ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ان کا اغواکرلیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ممبر اسمبلی کپڑے تبدیل کا بہانہ کرکے وہاں سے بچ پائے۔کانگریس لیڈر آنند شرمانے لاء اینڈآرڈر کے سوال کے تحت یہ مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے الزام لگایا کہ گجرات میں حکمراں بی جے پی نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں پارٹی نے ممبران اسمبلی کواغوا کرنے کے لیے پولیس کا استعمال کیاہے۔